کاروار:19؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز) ریاست کرناٹکا میں سیاحت کو ایک نیا موڈ دینے کے لئے 2020میں سیاحت کو لےکر نئی پالیسی جاری کی جائے گی، اس بات کا اعلان ریاستی وزیر برائے سیاحت ، کنڑا اور سنسکرتی سی ٹی روی نے کیا۔ وہ یہاں ڈی سی دفتر میں سنیچر کو مختلف محکمہ جات کی ترقی جائزہ میٹنگ میں شرکت کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کرناٹکا کے سیاحت کا محرک یہ ہےکہ ایک سیاحتی مقام کرناٹک میں کئی دنیا آباد ہے۔ ریاست میں 320کلومیٹر لمبی ساحلی پٹی ،پانچ قومی پارک، 30سے زائد جنگلی جانوروں کے مراکز، عالمی سطح پر مشہور جوگ فالس سمیت 40 دیگر فالس کے ساتھ ساتھ کئی سیاحتی وسائل اور مواقع دستیاب ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کی ہمہ جہت ترقی کے پیش نظر 2020میں سیاحت کے لئے ایک نئی پالیسی جاری کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ متعلقہ پالیسی کے ذریعے روزگار کی پیداواراور معاشی سرگرمیوں کو ترغیب دیاجائے گا، آگے کہا کہ میں اسی مقصد کو لےکر ریاست کے ہرضلع کا دورہ کررہا ہوں ،اسکا مطالعہ کرنےکے بعد نئی پالیسی تشکیل دی جائے گی۔ نئی پالیسی کی تشکیل کے بعد اس کے نفاذ کے لئے کارروائی کی جائے گی ۔ عالمی سرمایہ داروں کا اجلاس سمیت کئی ایک انوکھے پروگرام منعقد کرنےکا انہوں نے منصوبہ ظاہر کیا۔
سیاحتی وزیر نے بتایا کہ اترکنڑا ضلع کے 472تحصیل دیہات کی تاریخ ، سماجی زندگی کامطالعہ کرتےہوئے انوکھے پروگرام کوروبہ عمل میں لانا ہمارا مقصد ہے۔ کنڑا اور سنسکرتی محکمہ کےتحت ایک انسائیکلوپیڈیا بھی تیارکرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کام کے لئے ہر ایک گرام پنچایت حدود کے کالج لکچررس کو نوڈل آفیسر کے طورپر نامزد کرنےضلع انتظامیہ سےکہاگیا ہے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ کالج طلبا کو اس کام کے لئے استعمال کئےجانے سے ان کی پڑھائی کے لئے معاون بن سکتا ہے۔
میٹنگ میں ایم پی اننت کمارہیگڈے، ارکان اسمبلی روپالی نائک، دنیکر شٹی ، محکمہ سیاحت کے ڈائرکٹر کے این رمیش، ڈی سی ڈاکٹر ہریش کمار، ضلع پنچایت سی ای اؤ محمد روشن، کنڑا اور سنسکرتی محکمہ کے کے ایچ چنورسمیت ضلعی سطح کے دیگر افسران موجود تھے۔